Wednesday, April 13, 2011

چترال میں موسم بہار اور کاع لشت فیسٹیول ۔ ١٤اپریل سے شروع ہوکر ١٧ اپریل تک جارہی رہے گا۔

تحریر افسرخان :  چترال میں موسم بہار کی آمد آمد ہے۔ ہر طرف دل موہ لینے والے مناظرسیاحوں کو اپنی طرف دعوت دیتے  ہیں۔ تا حد نگاہ سرسبزو ہریالی ہے۔سرزمین چترال سبز و لال میک اپ کے ساتھہ ہر سو  اپنی جوبن  دکھا رہی ہے۔ پھولوں کی مہک بکھیرتی یہ سر زمین  سیاحوں کی تھکان کو اپنے اندر جذب کرتی ہے۔ خوبانی  اور بادام کے درخت اپنے  اندر کا حسن پھولوں کی صورت افشاں کئے ہوئے ہیں۔ بہتے دریا اور انچائی سے گرتے آبشار چترال کی حقیقی سریلی موسیقی کا دھن  گنگناتے اپنی منزلوں کی طرف رواں دواں ہیں۔  لواری ٹاپ عبور کرتے ہی چترال کے خوبصور ت اور پر فضا مناظر شروع ہوجاتے ہیں۔  برف کا بوجھ چھٹتے ہی  درخت اور پودے اور کھیتوں میں لگی فصلیں  اپنی کمر سیدھی کر لیتے ہیں۔  اور موسم بہار کی گرمی محسوس کرتے ہی یہ اپنے اندر کا حسن  و جمال
عیاں کرنا شروع کرتے ہیں۔ موسم بہار کے آتے ہیں نہ صرف سیاح بلکہ  ذریعہ معاش کی تلاش میں چترال سے باہر رہنے والے چترال کے باشندے بھی اس موسم میں چترال آنے کو ترجیح دیتے ہیں۔  ہر طرف سے آتی معطر ہوائیں ، بار بار سانس لینے اور ان خوشبووں کو اپنے اندر جذب کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔  میرکھانی پوسٹ  کے پار کرتے ہی  دریائے چترال کے متضاد رخ میں پر کیف سفر کا آغاز ہوجاتا ہے ، اس سفر میں آپ کو کسی قسم کی موسیقی کی ضرورت کا ہر گز احساس نہیں ہوتا    ،  اپنے محسوس سروں کے ساتھ گاتے دریائے چترال  نہ صرف موسیقی کا احساس پیدا کرتا ہے بلکہ آپکو شہر کے پنکھے اور ایئر کنڈشینڈ کی مصنوعی ٹھنڈک  کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بھلادینے کی بھی کوشش کرتا ہے ۔  راستے کے ساتھ ساتھ مختلف پھولدار نباتات کی مہک اور حسن آپ کوسفر میں بھی باغ آرام کا احساس دلاتے ہیں۔ گاوں کے اندر گندم  کےہرے بھرے کھیت آنکھوں میں روشنی بھرتے ہیں۔ شہروں میں رہنے والے لوگ جب پہلی دفعہ یہاں آتے ہیں تو راستوں کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔
چترال میں سال میں تین جشن یا تہوار منائے جاتے ہیں ۔ جشن کاع لشٹ چترال کے ان تین اہم تہواروں میں سے ایک ہے۔ جو اپریل کے مہینے میں کاع لشٹ کے مقام پر منایا جاتا ہے ۔ جس میں چترال کی ثقافت کے مختلف مظاہر اور فنون پیش کئے جاتے ہیں۔    جن سے اس جشن یا تہوار کے شرکاء یہاں کی قدیم اور جدید ثقافت    کے بارے میں جان سکتے ہیں۔  میلے میں چترال کے اندر تیار کئے جانے والے مختلف دستکاری کے شاہکار پیش کئے جاتے ہیں جن سے لوگ یہاں کے لوگوں کی تخلیقی صلاحیت سے بھی آگاہ ہوجاتے۔  اس کے علاوہ میلے میں فری اسٹائل پولو، رویایتی کھیل جیسے ،قدیم زمانے کی بندوقوں سے نشانہ بازی کے مقابلے، رسہ کشی، گلی ڈنڈا، دوڑنے کے مقابلے اور شاہین بازی کے مقابلے بھی ہوتے ہیں۔ان کے علاوہ نوجونوں کو محظوظ کرنے کے لئے یہاں کرکٹ ، فٹبال اور والی بال کے مقابلے بھی پیش کئے جاتے ہیں۔
جش کاع لشٹ میں سیاحوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ٹورزم کارپوریشن خیبر پختون خواہ نے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں۔  اسلام آباد اور پشاور سے چترال کو روزانہ  پروازیں ہو رہی ہیں اپنے قریب ٹر یول ایجنٹ کے زریعے یہ سروس حاصل کی جاسکتی ہے۔
میلےکے انعقاد پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی او چترال رحمت اللہ وزیر نے کہا کہ ہر سال موسم بہار کی آمد پر یہ میلہ منعقد کیا جاتا ہے ۔ اس سال یہ میلہ ٹورزم کارپوریشن خیبر پختون خواہ منعقد کر وا رہا ہے۔  انہوں نے کہا اس میلے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی  مختلف ثقافتی مظاہر ، روایتی کھیل  پیش کئے جائیں گے۔  انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کے سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنے ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو  متوجہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں ٹورزم کارپوریشن خیبر پختون خواہ نے ہماری بات پر توجہ  دیتے ہوئے  کاع لشٹ فیسٹیول کی سر پرستی   کا فیصلہ کیا ہے۔  ٹورزم کارپوریشن خیبر پختون خواہ میلے کی  تشہیر کے لئے مختلف اخبارات میں اشہتارات بھی شائع کر رہا ہے اور یہ میلے کے شرکاء کو ہر قسم سہولیات مہیا کرے گا۔
***afsar.kn@gmail.com**

0 comments:

Post a Comment

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Best Buy Printable Coupons